پنجاب حکومت کا ڈیجیٹلائزیشن کی جانب بڑا اقدام،ای بز پورٹل پر سینکڑوں خدمات آنلائن فراہم

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے ڈیجیٹلائزیشن کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے ای بز پورٹل پر 18 محکموں کی 252 سرکاری خدمات آن لائن فراہم کر دی ہیں، جبکہ 15 اپریل تک مزید 48خدمات شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں پورٹل کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک پورٹل پر 44,519 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 40,854 درخواستوں کی منظوری ڈیجیٹل نظام کے تحت مکمل کی جا چکی ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ “مریم کی دستک” پروگرام کی تمام سروسز کو بھی ای بز پورٹل سے منسلک کر دیا گیا ہے، جبکہ اب این او سیز اور پرمٹس کیو آر کوڈ کے ساتھ جاری کیے جائیں گے تاکہ شفافیت اور آسانی کو یقینی بنایا جا سکے۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری خدمات کو مرحلہ وار مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جائے اور روایتی مینوئل سسٹم کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے، جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول میں آسانی، شفافیت اور وقت کی بچت ممکن ہو سکے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں