منی لانڈرنگ’ ہنڈی مافیا کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ (اداریہ)

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس میں ملک سے غیر قانونی طور پر رقوم کی منتقلی روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ہے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منی لانڈرنگ اور ہنڈی کے کاروبار میں ملوث بڑے کاروباری افراد اور اداروں کے خلاف شکنجہ سخت کیا جائے گا اس ضمن میں کسی سے کوئی رعایت نہیں ہو گی سٹیٹ بنک آف پاکستان اور ایف آئی اے پر مشتمل ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا ہے جو تمام متعلقہ امور پر پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لے گا بیرون ملک رقوم بھجوانے کے پورے نظام کو شفاف اور فول پروف بنایا جائے گا اب رقوم صرف بینکنگ اور دیگر قانونی چینلز کے ذریعے ہی منتقل کی جا سکیں گی منی چینجرز کے ذریعے رقوم کی منتقلی کے عمل کو سٹریم لائن کیا جائے گا تاکہ غیر قانونی ذرائع کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی ہو سکے وفاقی وزراء محسن نقوی اور محمد اورنگ زیب نے واضح کیا کہ ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے گا ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کے تحفظ کیلئے قانونی چینلز کو فروغ دینا ناگزیر ہے،، دوسری جانب پاکستان کے بیرونی مالیاتی اشاریوں میں بہتری کا مثبت رجحان جاری ہے جس کے نتیجہ میں کرنٹ اکائونٹ پلس ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا حکومتی پالیسیوں SIFC کی معاونت اور معاشی استحکام کے اقدامات کے باعث معیشت میں اعتماد بحال ہو رہا ہے مشیر وزیرخزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستان نے فروری 2026ء میں 427 ملین ڈالر کا کرنٹ اکائونٹ سرپلس ریکارڈ کیا جو مارچ 2025ء کے بلند ترین سطح ہے یہ مسلسل دوسرا ماہانہ سرپلس ہے اس سے قبل جنوری 2026ء میں بھی 60 ملین ڈالر کا سرپلس ریکارڈ کیا گیا تھا انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکائونٹ میں بہتری کی بڑی وجوہات میں ترسیلات زر میں اضافہ ویلیو ایڈڈ برآمدات کا فروغ اور درآمدات میں نظم وضبط شامل ہیں ان اقدامات کے باعث نہ صرف بیرونی مالیاتی شعبہ مستحکم ہو رہا ہے بلکہ ملک پر بیرونی دبائو میں بھی نمایاں کمی آ رہی ہے مشیر خزانہ کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو پاکستان کے بیرونی اور تجارتی کھاتوں کو مضبوط سہارا فراہم کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی نے بیرون ملک پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کیلئے ایک مؤثر اور آسان پلیٹ فارم فراہم کیا ہے جس سے سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے معاشی ماہرین کے مطابق علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود کرنٹ اکائونٹ کا مستحکم رہنا پاکستان کی پائیدار معاشی بحالی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے،، وفاقی وزیر محسن نقوی اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب کی زیرصدارت اجلاس میں منی لانڈرنگ اور ہنڈی مافیا کے گرد شکنجہ مزید کسنے کا فیصلہ خوش آئند ہے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ منی لانڈرنگ اور ہنڈی کے کاروبار میں ملوث مافیا طویل عرصے سے پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں اگر ہنڈی کے ذریعے رقم بھیجنے کی بجائے بینکوں کے ذریعے بھیجی جائے تو اس سے معاشی حالت پر اچھا اثر پڑ سکتا ہے کیونکہ یہ رقم زرمبادلہ کی صورت میں آئے گی۔ علاوہ ازیں پاکستان سے غیر ملکی کرنسیوں کی منی لانڈرنگ سے بھی ملکی معیشت کو نقصان ہو رہا ہے اس پر قابو پانا ناگزیر ہے اب جبکہ دو اہم وفاقی وزراء نے منی لانڈرنگ اور ہنڈی مافیا کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کر لیا ہے تو اس میں تاخیر نہ کی جائے بلکہ اس کام کو منظم طریقہ سے شروع کر دیا جائے کسی بھی بااثر شخص کو معافی نہ دی جائے اگر حکومت ہنڈی مافیا اور منی لانڈرنگ میں ملوث بڑے کاروباری افراد اور اداروں کے خلاف کارروائی کرنے میں کامیاب ہو گئی تو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک رقم بھجوانے اور غیر قانونی طور پر بیرونی ممالک سے پاکستان میں رقم منتقل کرنے کے اس غیر قانونی کاروبار کا خاتمہ ممکن ہو گا اور یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں