افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی برداشت نہیں کی جائیگی

راولپنڈی (بیوروچیف) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہل تشیع علما کرام کے وفد نے ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی، داخلی استحکام اور معاشرتی ہم آہنگی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ گمراہ کن معلومات اور فرقہ وارانہ بیانیے کے تدارک کے لیے علما کی رہنمائی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ناقابل برداشت ہے،انہوں نے افغان طالبان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشتگردوں اور ان کے ٹھکانوں کے خلاف جہاں بھی ہوں، کارروائی جاری رکھے گا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں مسلسل جاری ہیں،مذہبی جذبات کو تشدد کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،بیرون ملک واقعات کی بنیاد پر پاکستان میں تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔دوسری جانب اہل تشیع علما کرام نے ملک میں امن و استحکام کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور مذہب کے نام پر ہونے والے تشدد کی شدید مذمت کی،علما نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں