قومی شناخت سے نئی نسل کو آشنا رکھنا ضروری ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے یوم پاکستان کے موقع پر قومی پرچم لہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ”آگے بڑھے گا پاکستان،بڑھائیں گے ہم اس کی شان اوردیکھے گی دنیا اس کی اڑان”۔ ڈی سی کمپلیکس میں منعقدہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر،ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کے افسران اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔کمشنر،ڈپٹی کمشنر ودیگر افسران نے قومی پرچم لہرایا۔پنجاب پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی اور بینڈ کی دھنوں پر قومی ترانہ پڑھا گیا۔اس موقع پر ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی،امن وسلامتی اور قومی یکجہتی کے لئے خصوصی دعا جبکہ تحریک پاکستان کے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے اہل وطن کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی اور کہا کہ 23 مارچ یوم پاکستان قوم کی شناخت کے سنگ بنیاد کے طور پر منایا جاتاہے۔یہ دن اتحاد،ایمان اور نظم وضبط کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی شناخت سے نئی نسل کو آشنا رکھنا ہے جو مستقبل کے معمار اور قومی اثاثہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کا مقصد نئی نسل کو تحریک پاکستان اور حصول پاکستان کے مقاصد سے آگاہی اور قیام پاکستان کے لئے لازوال قربانیوں کی یاددلاتا ہے۔انہوں نے قومی یکجہتی،باہمی محبت،اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دے کروطن عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔یوم پاکستان کے موقع پر ڈویژن کے دیگر اضلاع اور تحصیلوں میں بھی قومی پرچم لہرانے کی تقریبات سادگی سے منائی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں