مبینہ پولیس مقابلہ’ ریکارڈ یافتہ ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) نشاط آباد کے علاقہ 54 ج ب کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ ڈکیت اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، مضروب کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ نشاط آباد کا ایس آئی خاور عباس عملہ کے ہمراہ پکڑے جانیوالے ڈکیت امجد ولد صوبہ خان سکنہ 128 ج ب کو ریکوری کے بعد واپس آ رہے تھے، جب وہ 54 ج ب کے قریب پہنچے تو چار مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے ساتھی کو چھڑا کر بوڑے وال کی طرف فرار ہو گئے۔ تاہم اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ نشاط آباد ساجد محمود نے نفری کے ہمراہ ملزمان کا تعاقب کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ملزم امجد زخمی حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی ڈکیت 35 سے زائد وارداتوں میں ملوث تھا۔ تاہم پولیس نے مضروب کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر کے اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں