درخت ایک دوسرے سے بات کرتے ہیں،حیران انکشاف

کراچی ( بیو رو چیف )سائنسدانوں نے تازہ تحقیق میں یہ حیران کن انکشاف کیا ہے کہ درخت محض خاموش موجودات نہیں بلکہ وہ ایک دوسرے سے بات چیت کرتے ہیں اور باہمی مدد فراہم کرتے ہیں۔ماہرین نباتات کے مطابق زمین کے نیچے درختوں کی جڑیں اور فنگس کا ایک پیچیدہ نیٹ ورک ایک دوسرے سے جڑا ہوتا ہے جسے عام طور پر وڈ وائیڈ ویب کہا جاتا ہے۔ اس نظام کے ذریعے درخت نہ صرف غذائی اجزا اور پانی کا تبادلہ کرتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کو خطرات اور دیگر اہم معلومات بھی منتقل کرتے ہیں۔تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جب کسی درخت پر کیڑوں یا بیماری کا حملہ ہوتا ہے تو وہ اپنے اردگرد موجود دیگر درختوں کو کیمیائی سگنلز کے ذریعے خبردار کرتا ہے۔ نتیجتاً یہ درخت پہلے سے اپنے دفاعی نظام کو مضبوط کر لیتے ہیں جیسے کہ پتوں میں ایسے کیمیکلز پیدا کرنا جو کیڑوں کو دور رکھیں۔مزید برآں بڑے اور پرانے درخت چھوٹے پودوں کو خوراک فراہم کر کے ان کی نشوونما میں مدد دیتے ہیں۔ ماہرین اسے مدر ٹری کا کردار قرار دیتے ہیں جہاں ایک بڑا درخت پورے جنگل کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورک اتنا مضبوط اور مربوط ہے کہ اگر جنگل کا کوئی حصہ کمزور پڑ جائے تو دیگر درخت اپنی توانائی اس حصے کی جانب منتقل کر کے قدرتی توازن قائم رکھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں