پنجاب میں کاشتکاروں کو ٹریکٹر فراہمی کا ریکارڈ قائم

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صرف2سال کے عرصے میں کاشت کاروں کی سہولت کے لیے30ہزار ٹریکٹر فراہم کر کے زرعی شعبے میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اب تک20ہزار سے زائد گرین ٹریکٹر کاشتکاروں کو فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید10ہزار ٹریکٹرز کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم ہائی ٹیک میکانائزیشن فنانسنگ پروگرام کے تحت ویٹ اینڈ رائس کمبائن ہارویسٹر بھی کاشتکاروں کو فراہم کیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کاشتکار پروگرام کے تحت کسان ہائی پاور ٹریکٹر اور دیگر زرعی مشینری بھی حاصل کر سکیں گے،کاشتکاروں کو 4 ارب روپے کی لاگت سے 5 ہزار سپر سیڈر بھی فراہم کیے جا چکے ہیں، رائس سپر سیڈر کے استعمال سے سموگ کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی اور کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی کی طرف لایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے کاشتکاروں کو میکانائزیشن کے ذریعے جدید فارمنگ کی طرف گامزن کیا جا رہا ہے، ایگری کلچر میکانائزیشن سے لاگت میں کمی اور پیداوار میں اضافہ ہوگااور زراعت کے فرسودہ طریقے چھوڑ کر جدید مشینری کا استعمال شروع کرنا ہوگا تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ اور کسانوں کی آمدن میں بہتری لائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں