گندم خریداری کے عمل کو شفاف اور بروقت بنایا جائے،کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی

سرگودھا (بیوروچیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلا س منعقد ہوا جس میں چھ نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ایجنڈے میں توانائی بحران کے پیش نظر کفایت شعاری اقدامات، گندم خریداری مہم، مین ہول کورز کی دستیابی، آوارہ کتوں کی تلفی، ایـبز پوٹل اور پنجاب لینڈ ریونیو آرڈیننس 2026 (ترمیم) شامل تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن اشفاق الرحمن، چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ڈائریکٹر زراعت، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک، ایم ڈی واسا، سی او ضلع کونسل، سی او میونسپل کارپوریشن، ڈی او انڈسٹریز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ذراعت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرگودھا ڈویژن میں گندم کی کاشت کے اہداف کا 98 فیصد حاصل کر لیا گیا جبکہ موسمی حالات سازگار ہونے کے باعث اس سال اچھی پیداوار کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 15 اپریل سے گندم خریداری مہم کا آغاز ہوگا جبکہ سرگودھا ڈویژن میں 20 اپریل سے کٹائی متوقع ہے۔ اس سال فی ایکڑ پیداوار میں دو سے تین من اضافہ متوقع ہے۔ گندم اگائو مقابلہ جات کے حوالے سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ گندم خریداری کے عمل کو شفاف اور بروقت بنایا جائے اور ڈپٹی کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت سے آگاہ کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کسانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ پٹرول پمپس کی رجسٹریشن اور مانیٹرنگ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کی کارکردگی ایپ کے ذریعے پٹرول پمپس کی رجسٹریشن اور پٹرولیم مصنوعات کے سٹاک کی نگرانی جاری ہے۔ کمشنر نے اس عمل کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ایـبز پورٹل پر موصولہ درخواستوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ اب تک 96 فیصد درخواستوں کو نمٹا دیا گیا ہے۔ کمشنر نے باقی ماندہ درخواستوں کو فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ کفایت شعاری اقدامات کے تحت کمشنر نے سختی سے ہدایت کی کہ تمام محکمے ایندھن کی بچت کو یقینی بنائیں، غیر ضروری سرکاری گاڑیوں کے استعمال سے گریز کیا جائے اور حکومتی ہدایات کے مطابق ملازمین کی حاضری کو بھی منظم کیا جائے۔ پنجاب لینڈ ریونیو آرڈیننس 2026 (ترمیم) کے تحت زیر التواء کیسز کے حوالے سے کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں 60 دن کے اندر کیسز نمٹائے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ کمشنر آفس کو بھجوائی جائے۔اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع کے حوالے سے الگ الگ بریفنگ دی۔کمشنر سرگودھا نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں