سوہنا پنجاب پروگرام،483دیہات کومثالی بنانے کاآغاز

لاہور (بیوروچیف) وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیرِ صدارت مثالی گائوں پروگرام کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پروگرام کی پیشرفت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی اور سی ای او پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی خرم پرویز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیراعلی مریم نواز کے “سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت مثالی گائوں منصوبہ ایک اہم اقدام ہے۔ وزیر بلدیات کے مطابق پہلے مرحلے میں 485 دیہات کو مثالی بنانے کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ اس منصوبے کیلئے 60 ارب روپے کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔ذیشان رفیق نے بتایا کہ پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی (PRMSC) نے 357 دیہات میں ترقیاتی سکیموں کیلئے ورک ایوارڈ جاری کر دیا ہے، جبکہ مزید 107 دیہات میں میونسپل سروسز کی سکیموں پر کام جاری ہے۔مختلف ڈویژنز میں شامل دیہات کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرگودھا ڈویژن کے 41، ساہیوال کے 44، گوجرانوالہ کے 55، گجرات کے 51، ملتان کے 63، ڈی جی خان کے 39 اور لاہور ڈویژن کے 50 دیہات اس پروگرام میں شامل ہیں۔ اسی طرح راولپنڈی کے 58، بہاولپور کے 48 اور فیصل آباد کے 36 دیہات کو بھی مثالی بنایا جائے گا۔وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ ان دیہات میں سیوریج، واٹر سپلائی، گلیوں کی تعمیر، پارکس اور سٹریٹ لائٹس جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں پہلے سے گلیاں یا نالیاں بنی ہوئی ہیں، انہیں ہرگز نہ توڑا جائے۔ان کا مزید کہناتھا کہ دیہات کے روایتی چھپڑوں کی بحالی بھی اس پروگرام کا اہم حصہ ہے، اور ان میں جمع ہونے والے پانی کی ٹریٹمنٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے پی آر ایم ایس سی کو ہدایت دی کہ چھپڑوں کی بحالی کا کام فوری طور پر آغاز کیا جائے۔وزیراعلی کی ہدایت کے مطابق اس منصوبے کا پہلا مرحلہ 31 دسمبر تک مکمل کیا جائے گا، وزیر بلدیات نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ موسم برسات سے قبل تمام کھدائی کے کام مکمل کر لیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں