بُری کارکردگی کے بعد مینجمنٹ گروپ کا برقرار رہنا حیران کن ہے’ مائیکل وان

لندن(سپورٹس نیوز)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا ہے کہ ہیڈ کوچ برینڈن میکولم اور منیجنگ ڈائریکٹر روب کی انتہائی خوش قسمت ہیں کہ ایشز سیریز کے بعد ہونے والے جائزہ میں انہیں عہدوں سے نہیں ہٹایا گیا۔ بی بی سی کے مطابق آسٹریلیا کے ہاتھوں انگلینڈ کی 1ـ4 سے عبرتناک شکست کے بعد ناقدین نے منصوبہ بندی کے فقدان اور ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سوالات اٹھائے تھے تاہم انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے ان دونوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رچرڈ گولڈ کا کہنا ہے کہ انہیں برطرف کرنا آسان تھا لیکن بورڈ نے ایسا نہیں کیا۔ مائیکل وان نے اپنے بیان میں کہا کہ اتنی بری کارکردگی کے بعد مینجمنٹ گروپ کا برقرار رہنا حیران کن ہے اور ایسا لگتا ہے کہ اب بورڈ نے برینڈن میکولم کو تنبیہ کی ہے کہ اگر انہیں اپنی ملازمت بچانی ہے تو ٹیم میں ڈسپلن اور کھیل کی باریکیوں پر توجہ دوبارہ بحال کرنا ہوگی۔ٹیسٹ میچ سپیشل پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مائیکل وان کا کہنا تھا کہ بین سٹوکس کی کپتانی کبھی خطرے میں نہیں تھی، تاہم برینڈن میکولم اور روب کی واقعی خوش قسمت ہیں کہ انہیں مزید موقع دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے کہ کوئی مینجمنٹ ٹیم ایشز جیسی اہم سیریز میں بیرون ملک اتنی خراب کارکردگی دکھائے اور پھر بھی اسے کام جاری رکھنے کا موقع مل جائے۔مائیکل وان کے مطابق یہ صورتحال کسی فٹبال ٹیم جیسی لگتی ہے جہاں عموماً ایک فرد کے جانے پر پوری مینجمنٹ تبدیل ہو جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں