سرسبز فیصل آباد منصوبے کے تحتFDAکے زیر اہتمام20ہزار پودے لگائے جائینگے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی ہدایت پر سرسبز فیصل آباد منصو بے کے تحت ایف ڈی کے زیر اہتمام شجرکاری کی خصوصی مہم کے دوران 20 ہزار پودے لگائے جائیں گے جس پر منظم انداز میں عملدرامد کیلئے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں حکمت عملی وضع کی گئی تاکہ شجرکاری کی اس خصوصی مہم کو نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز اسما محسن، جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، یاسر اعجاز چٹھہ اور دیگر افسران کے علاوہ کنسلٹنٹ ہارٹیکلچر رانا سجاد موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے واضح کیا کہ کمشنر فیصل آباد کی طرف سے محفوظ جگہوں اور خصوصا سرکاری رہائش گاہوں، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں کی عمارات کی چار دیواریوں کے اندر شہر بھر میں ایک لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جن میں سے ایف ڈی اے کی طرف سے 20 ہزار پودے لگانے کا ٹاسک قبول کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری کی یہ خصوصی مہم محض ایک رسم نہیں بلکہ کمشنر فیصل آباد کی خواہشات کے مطابق کم از کم پانچ فٹ سائز کے پودے لگا کر ان کی بقا کے لئے کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایف ڈی اے سٹی میں دستیاب وسیع رقبہ پر شجرکاری کرنے کے علاوہ پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں کو بھی اس مہم میں شامل کیا جائے گا۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے ہدایت کی کہ مختلف اقسام کے پودوں کی خریداری اور انہیں لگانے سے متعلق تمام تر انتظامات فوری مکمل کرنے کے علاوہ لگائے گئے پودوں کی آبیاری، نشونما اور دیکھ بھال کے لئے خصوصی اقدامات کیے جائیں جن کی بقا کے لئے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ شجر کاری کی اس خصوصی مہم کے لئے مائیکرو پلان ترتیب دیا جا رہا ہے تاکہ اس قومی فریضہ میں 100 فیصد کامیابی حاصل کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں