لاہور (بیوروچیف) پنجاب کے نئے مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کا ابتدائی حجم تیار کر لیا گیا۔ذرائع پنجاب اسمبلی کے مطابق نئے مالی سال 2026-27میں پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا حجم 1450ارب روپے تجویز کیا گیا ہے، پی اینڈ ڈی بورڈ نے نئے مالی سال کے اے ڈی پی کا ابتدائی خاکہ تیار کر لیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ترقیاتی بجٹ میں 1824اسکیمیں شامل ہیں جن کی مجموعی لاگت 2347ارب روپے تجویز کی گئی ہے، ترجیحی منصوبوں کے لیے آیندہ سال کے لیے 580 سے 780 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ کے ترجیحی منصوبوں پر200 ارب روپے تک بلاک ایلوکیشن کی تجویز ہے جبکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر سرفہرست ہے جس کے 303 ارب روپے کے منصوبوں کی تجویز ہے۔ذرائع کے مطابق لاہور میں صاف پانی، مثالی گائوں اور دیگر منصوبے بجٹ کا حصہ بنانے کی تجویز بھی شامل ہے، مثالی گائوں کے لیے 30 ارب، سڑکیں بحالی پروگرام کے لیے 42 ارب روپے کی تجویز ہے۔صاف پانی کے لیے 25 ارب روپے،کنٹونمنٹ بورڈ کے لیے7 ارب روپیکی تجاویز ہے جبکہ پنجاب ڈیولپمنٹ پروگرام کے لیے 200 سے 250 ارب روپے مختص کرنیکی تجویز ہے۔



