تیز آندھی اور بارش،چھتیں گرنے سے 3بہن بھائیوں سمیت5افراد جاں بحق

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر ) تیز آندھی اور بارش سے جل تھل ہو گیا ، اہم شاہراہیں اور نشیبی علاقے زیر آب، فیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی طویل بندش، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیل کے مطابق رات بھر ہونیوالی تیز بارش اور اندھی نے شہر بھر میں جل تھل کر دیا، شہر کی اہم شاہراہوں، چوکوں اور نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہو گیا جس کے باعث شہریو ں کو آمدو رفت میںشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ بارش کے دوران ہی فیسکو کے کئی فیڈر ٹرپ کرنے سے کئی علاقوں کی بجلی بند ہو گئی۔بجلی کی آنکھ مچولی تاحال جاری ہے۔ ایم ڈی واسا کی ہدایت پر بارش کے دوران فیلڈ سٹاف بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے متحرک رہا ۔دریں اثنا ئ۔لاہور (بیوروچیف) بادامی باغ کے علاقے میں شدید بارش اور تیز ہوا کے باعث ایک خستہ حال مکان کی چھت زمین بوس ہو گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق ریسکیو اہلکار اور ایمرجنسی گاڑیاں قوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہو گئیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ملبے تلے سے دو افراد کو زندہ نکالنے میں کامیابی ہوئی، تاہم چھت گرنے کے حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو فوری طور پر نواز شریف اسپتال یکی گیٹ منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ مکان کی چھت ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھی اور بارش و تیز ہوا کی وجہ سے اچانک گر گئی۔حادثے میں 25 سالہ قاسم جاوید اور 18 سالہ اویس ولد جاوید جاں بحق ہوئے، جبکہ 18 سالہ صباحت ولد جاوید اور 45 سالہ پروین زوجہ جاوید زخمی ہوئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ ظفر پارک سٹریٹ نمبر 11 سبزی منڈی بادامی باغ میں پیش آیا۔دریں اثنا ۔بنوں (نامہ نگار) شدید بارش نے ایک اور خاندان کو غم میں مبتلا کر دیا، جہاں اچانک پیش آنے والے حادثے نے خوشیوں کو ماتم میں بدل دیا۔بنوں کے علاقے منڈان وریشمی کلہ میں موسلا دھار بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گر گئی، جس کے نیچے کمرے میں موجود پانچ بچے دب گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچیں اور ملبے تلے دبے تمام بچوں کو نکال لیا گیا۔ تاہم افسوسناک طور پر دو بہنیں اور ایک بھائی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دو بچے زخمی حالت میں بچا لیے گئے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچوں کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال بنوں منتقل کیا گیا، جہاں زخمی بچوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔یہ واقعہ شدید بارشوں کے دوران خستہ حال عمارتوں کے خطرات کو ایک بار پھر اجاگر کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں