حج وعمرہ زائرین کو کنٹرول کرنے کا نظام مثالی قرار

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب نے حج اور عمرہ کے دوران لاکھوں زائرین کے ہجوم کو محفوظ، منظم اور پرسکون رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا ایک مربوط اور مثر نظام قائم کر رکھا ہے، جسے عالمی سطح پر ایک مثالی ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔مکہ، منی، عرفات اور مزدلفہ جیسے مقدس مقامات پر بیک وقت لاکھوں افراد کی موجودگی کو کنٹرول کرنا ایک غیر معمولی چیلنج ہوتا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے سعودی حکام ڈیجیٹل اور سمارٹ سسٹم کا وسیع استعمال کرتے ہیں۔حکام کے مطابق لوگوں کو منظم رکھنے کے انتظام میں سب سے اہم کردار مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام ادا کر رہے ہیں، جو زائرین کی نقل وحرکت، رفتار اور اجتماع کے رجحانات کا مسلسل تجزیہ کرتے ہیں۔یہ سسٹم ہجوم کی شدت، دبائو اور ممکنہ خطرات کی فوری نشاندہی کرتے ہیں، جبکہ پیشگی تجزیاتی صلاحیت کے ذریعے کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے پہلے ہی خبردار کر دیتے ہیں۔اس طرح انتظامیہ بروقت اقدامات کر کے حادثات، خاص طور پر بھگدڑ جیسے خطرناک واقعات سے بچائو ممکن بناتی ہے۔مقدس مقامات پر ہزاروں کی تعداد میں نصب جدید کیمرے 24 گھنٹے نگرانی کرتے ہیں۔ یہ کیمرے نہ صرف ہجوم کی تعداد کا اندازہ لگاتے ہیں بلکہ غیر معمولی حرکات یا خطرناک صورتحال کی نشاندہی بھی کرتے ہیں۔ ان تمام معلومات کو مرکزی کنٹرول رومز میں موجود ماہرین تک پہنچایا جاتا ہے، جہاں جدید سافٹ ویئر کے ذریعے فوری فیصلے کیے جاتے ہیں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو بروقت ہدایات دی جاتی ہیں۔اسی طرح فضائی نگرانی کے لیے ڈرونز کا استعمال بھی اس نظام کا اہم حصہ بن چکا ہے۔ یہ ڈرونز بڑے اجتماعات، داخلی وخارجی راستوں اور حساس مقامات پر نظر رکھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں