منشیات ڈیلرز،سمگلرز کے گرد گھیرا تنگ کرنیکا حکم

لاہور (بیوروچیف) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس نے صوبے بھر میں منشیات ڈیلرز اور سمگلرز کیخلاف کریک ڈائون مزید تیز کرنے کے احکاما ت جاری کر دیے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران 11ہزار سے زائد منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے خلاف 10ہزار 975مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 6ہزار کلوگرام سے زائد چرس، 706کلوگرام سے زائد ہیروئن، 308 کلوگرام آئس، 151کلوگرام افیون اور 1لاکھ 79ہزار لیٹر سے زائد شراب برآمد کی گئی۔لاہور میں بھی منشیات کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں جہاں اب تک 1148 منشیات فروش گرفتار کیے گئے اور 1145 مقدمات درج ہوئے۔ شہر میں ملزمان سے 376 کلوگرام چرس، 20 کلوگرام ہیروئن، 75 کلوگرام آئس، 4 کلوگرام افیون اور 8260 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں کارروائیاں مزید تیز کرنے اور منشیات کی آن لائن خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لینے کا بھی حکم دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں