جڑانوالہ(نامہ نگار)تھانہ بچیانہ کی حدود میں سی سی ڈی کیساتھ مبینہ پولیس مقابلہ،ایک ملزم ہلاک،تین فرار ہو گئے،تفصیلات کے مطابق بچیانہ کے نواحی علاقے میں سی سی ڈی اور مبینہ ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص ہلاک جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق چک نمبر 562گ ب کا رہائشی جنید ولد عبدالعزیز جو مبینہ طور پر قتل اور اقدامِ قتل جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب تھا،سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں مارا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم پہلے سی سی ڈی کی تحویل میں تھا تاہم وہ فرار ہو کر اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ قریبی جنگل میں چھپ گیا تھا۔اطلاع ملنے پر سی سی ڈی ٹیم نے علاقے میں کارروائی کی،جہاں ملزمان اور پولیس کے درمیان اچانک آمنا سامنا ہو گیا۔ دونوں جانب سے ہونے والی شدید فائرنگ کے نتیجے میں جنید موقع پر ہی ہلاک ہو گیا،جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم متعدد سنگین مقدمات میں ملوث تھا اور علاقے میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا۔واقعے کے بعد سی سی ڈی نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا اور فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ مبینہ مقابلہ ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ تمام شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



