فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے’ ناقص کارکردگی پر دو تھانیداروں اور کانسٹیبل کو نوکری سے برخاست’ تیسرے کی تنزلی سمیت دیگر اہلکاروں کو مختلف سزائوں کا حکم سنا دیا۔ تفصیل کے مطابق آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے گزشتہ روز اردل روم کا انعقاد کرتے ہوئے ریجن بھر کے پولیس افسران واہلکاران کے شوکاز نوٹسز اور اپیلوں کی سماعت کرتے ہوئے اے ایس آئی عمران خان ضلع فیصل آباد کو ناقص کارکردگی اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر نوکری سے برخاست کر دیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے سب انسپکٹر فرحان خان اور کانسٹیبل عثمان کو منشیات فروش کو ریلیف دینے کی پاداش میں نوکری سے فارغ کر دیا جبکہ ناقص کارکردگی پر ضلع چنیوٹ کے سب انسپکٹر ضیاء کی تنزلی کرتے ہوئے اے ایس آئی بنا دیا۔ جبکہ ٹوبہ کے کانسٹیبل دلدار حسین کی اپیل منظور کرتے ہوئے اسکو ہیڈ کانسٹیبل اور ضلع جھنگ کے پولیس اسٹیشن اسسٹنٹ محمد قمر کو نوکری پر بحال کر دیا۔ علاوہ ازیں معمولی سزائوں پر پولیس افسران واہلکاروں سے نرمی کرتے ہوئے 42اپیلوں پر عام معافی دے دی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں کرپٹ’ نااہل اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے پولیس افسران واہلکاران اپنا قبلہ درست کر لیں۔ اچھی کارکردگی پر حوصلہ افزائی اور محکمہ کی بدنامی کا باعث بننے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔



