فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے کہا ہے کہ مین ہولز کور (ڈھکن) کی چوری اور خرید و فروخت قانو نی طور پر جرم ہے اور اس میں ملوث افراد کیخلاف مقدمہ درج کر کے سخت قانونی کارروائی کر نے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ واسا فیصل آباد کا شعبہ سٹیزن لائزن سیل (سی ایل سی) ڈھکن چوری کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی مہم چلا رہا ہے جس کے تحت سی ایل سی سٹاف سکولوں، کالجوں، کمیونٹی سینٹرز، مساجد، مدارس سمیت دیگر عمائدین شہر سے ملاقات کر کے وہاں پر موجود افراد کو آگاہ کیا جا رہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے کسی بھی مین ہول سے اس کا کور (ڈھکن) چوری کرنا اور اس کی خریدو فروخت کرنا ایک سنگین جرم قرار دیدیا گیا ہے جس کے تحت اس کے مرتکب افراد کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے۔ اس ضمن میں سی ایل سی سٹاف نے جامع مسجد نوشاہی سبزی منڈی غلام محمد آباد وزٹ کیا اور وہاں زیر تعلیم طالب علموں اور اساتذہ کو ڈھکن چوری کے تدارک اور عوامی خدمت بارے آگاہی فراہم کی۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر بھرپور عمل درآمد کیا جارہا ہے اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔




