فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چین کے نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل لاہور سن یان (Sun Yan)نے ایگریکلچر ہائوس کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ کیساتھ اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ اجلاس میں ڈائر یکٹر جنرل زراعت انفارمیشن پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات پر عمل درآمد جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 200ارب روپے سے زائد کے بلا سود قرض کی سہولت کسان کارڈ کے ذریعے 8 لاکھ کاشتکاروں کو فراہم کی جا رہی ہے، اور کسان کارڈ کے ذریعے زرعی مداخل کی خرید سے فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔زرعی شعبہ میں میکنائزیشن کے فروغ کے لیے موجودہ حکومت نے 66 ارب روپے خرچ کیے ہیں۔ علاوہ ازیں، کاشتکاروں کے لیے ون سٹاپ سالیوشن کے تحت 4 ایگری مالز فنکشنل جبکہ 10 ایگری مالز زیر تعمیر ہیں۔اس کے علاوہ سموگ پر قابو پانے کے لیے 10 ہزار سپر سیڈرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ فروزن میٹ ایکسپورٹ کے لیے حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے چین کا تعاون درکار ہے۔ لائیو سٹاک میں منہ کھر کی بیماری سے محفوظ جانوروں کے لیے 8 کمپارٹمنٹس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔



