سرینگر(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بی جے پی کی ہندوتوا بھارتی حکومت کشمیریوں کے احساسات و جذبات اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے ان کی پرامن جدوجد کو کچلنے کیلئے تمام وحشیانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت کے تسلط پسندانہ عزائم اور ہندوتوا نظریے کی حامل پالیسیاں علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیگناہ کشمیری نوجوانوں کا جعلی مقابلوں میں مسلسل قتل اور ہزاروں کشمیریو ں کی برسہابرس سے اپنے گھروں سے سینکڑوں میل دور بھارتی جیلوں میں غیر قانونی حراست بی جے پی حکومت کے سفاکانہ چہرے کا غماز ہے ۔ تر جمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جرائم سے روکے اورتنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اس پر دبائو ڈالے۔مقبوضہ جموں وکشمیر کی اسمبلی میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے ضلع گاندربل میں ایک بیگناہ کشمیری نوجوان رشید احمد مغل کے جعلی مقابلے میں قتل پر شدید احتجاج کیا گیا۔ اسمبلی ارکان نے نوجوان کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی اور نعش تدفین کیلئے فوری طورپر اہلخانہ کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے قتل کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ بھارتی فوجیوں نے نوجوان کو بدھ کے روز محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا تھا۔مقبوضہ علاقے میں کمپٹر ولر اینڈ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں علاقے میں پائی جانے والی مالی بے ضابطگیوں ، بے جااخراجات اور قرضوں کے بڑھتے بوجھ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا گیا کہ مالی سال2024-25کے دوران مجموعی گھریلو پیداور کی شرخ نمو 11.18فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جو گزشتہ برس کی 12.51فیصد کی رفتار کے مقابلے میں کم ہے۔ رپورٹ مقبوضہ علاقے کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے قانون ساز اسمبلی میں پیش کی۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری جعلی مقابلوں اور ماورائے عدالت قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کے عالمی اعلامئے اور اصول و ضوابط کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔




