فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی انصاف گروپ کی خصوصی کاوش سے منظور ہونے والے حاجی منظور قادر روڈ کا بھی افتتاح کر دیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب غلہ منڈی مارکیٹ کمیٹی چوک میں منعقد ہوئی جس میں چیئر مین رانا طیب خاں، وائس چیئر مین شیخ محسن خالد، جنرل سیکر ٹری حافظ عبد القیوم ،سرپرست اعلی حاجی منظور قادر،میاں عبدالمجید،سینئر نائب صدر شیخ شکیل احمد،نائب صدر محمد بلال لیاقت ،سیکر ٹری نشرو اشاعت فیصل پراچہ ،جوائنٹ سیکر ٹری رانا محمد زبیر ،فنانس سیکر ٹری ملک محفوظ ،رانا اشفاق بھولا،میاں سعید، رانا فخرالزماں ،میاں محمد اشرف، فیصل پراچہ ،غلام مصطفی،چوہدری اعجاز جٹ، رانا سجاد خاں اورآڑھتیوں کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔صدر حاجی سردار محمد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اپنی پوری ٹیم کو جو منڈی کی تعمیر ترقی کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں اسی ٹیم نے حاجی منظور قادر روڈ منظور کروایا جس کا آج افتتاح کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ منڈی کی 40سالہ تاریخ میں اتنے کام نہیں ہوئے جو انصاف گروپ نے 4سالوں میں کروا دیئے ہیں ۔کارپٹ سڑکوں کی تعمیر،واٹر فلٹریشن پلانٹ،ٹف ٹائل کا منصوبہ، ایل ای ڈی سٹریٹ لائٹس، سیلانی کے ذریعے کھانے کا منصوبہ ،فری ڈسپنسری، آہنی گیٹوں کی تنصیب اور درجنوں منصوبے ہیں جو مکمل کر لئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ منڈی باہر شفٹ کرنے کی باتیں کرتے ہیں در اصل وہ لوگ منڈی سے مخلص نہیں ۔ان کا کام شر پھیلانا ہے وہ اپنا کام کرتے رہیں گے ۔اللہ کے فضل سے منڈی کہیں نہیں جائے گی اور ترقیاتی کام ہم کرواتے رہیں گے۔چیئر مین رانا طیب خاں نے کہا کہ گزشتہ 4ماہ سے ہم انتظامیہ ،مارکیٹ کمیٹی، چیئر مین پامرا، وزیر اعلی کی مشیر محترمہ سلمی بٹ صاحبہ اور دیگر افسران سے میٹنگز کر کے حاجی منظور قادر روڈ منظور کروایا اور لاہور میں ہونے والی ایک میٹنگ میں مخالف گروپ کے اعلی عہدیداروں نے اس روڈ کی مخالفت کی تھی کہ اس سڑک کی بجائے ہمیں پھڑی مارکیٹ،کریانہ مارکیٹ کی سڑک بنا دیں ،لیکن آج انتہائی افسوس ہوا یہ سن کر کہ مخالف گروپ بھی اسی سڑک کی افتتاحی تقریب کروا رہا ہے جو ہم انصاف گروپ نے منظور کروایا۔کل تک مخالفت کرنے والے آج کس منہ سے افتتاح کر رہے ہیں ۔رانا طیب خاںنے کہا کہ غلہ منڈی کے آڑھتیوں کو سبز باغ دکھلائے گئے کہ جھنگ روڈ پر ایک ماڈل منڈی بن رہی ہے جس میں دنیا جہاں کی آسائشوں کے خواب دکھائے گئے مگر آج تک وہاں کچھ بھی نہیں ہے ۔لگتا ہے وہاں ماڈل منڈی نہیں ماڈل قبرستان بنے گا۔مخالف ٹولے نے منڈی کے آڑھتیوں کو کہا کہ غلہ منڈی باہر شفٹ ہو جائے گی ۔سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں کا استعمال کیا گیا کہ وہ بھی چاہتے ہیں کہ منڈی شہر سے باہر جائے جس پر انصاف گروپ نے فوری طور پر سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں سے ملاقات کر کے انہیں بتایا گیا تو انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ سرکاری غلہ منڈی کہیں نہیں جائے گی چاہے پچاس پرائیویٹ غلہ منڈیاں بن جائیں ۔جس پر انصاف گروپ نے رانا ثناء اللہ خاں کے مئوقف پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔وائس چیئر مین شیخ محسن نے کہا کہ مخالف ٹولہ پکی پکائی ڈھونڈتے ہیں ۔انصاف گروپ کی منظور کروائی گئی سڑک پر راتوں رات اپنے نام کی جعلی تختی لگا دی ۔منڈی کے با شعور ممبر سب جانتے ہیں کہ منڈی میں ترقیاتی کام کون کروا رہا ہے اور جعلی منصوبے کون بنا رہا ہے۔




