فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پرڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد موجودہ پٹرولیم مصنوعات کے بحران میں گندم کے کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے سرگرم ہے۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت گندم خریداری مہم اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث فصل کی کٹائی کے لئے درکار ڈیزل کی فراہمی بارے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصرکے علاوہ جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری خالد محمود،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ،محکمہ زراعت کے آفیسرز اور کاشتکاروں کے نمائندے موجود تھے۔ڈویژنل کمیٹی نے باہمی مشاورت سے کمبائن ہارویسٹر سے گندم کی ایک ایکڑ کٹائی کے لئے9 ہزار سے9500 روپے اسی طرح تھریشر (1/14th شیئر) پونے تین سے 3 من گندم یا فی ایکڑ کے لئے 9500 سے10000 روپے ریٹ تجویز کئے۔ تجویز کردہ ریٹس صوبائی حکومت کو بھجوائے جارہے ہیں۔اجلاس میں گندم خریداری پالیسی پر بھی بریفنگ دی گئی۔کمشنر نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔عالمی تناظر کے پیش نظرپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود ڈویژنل وضلعی انتظامیہ گندم کے کسانوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے آن بورڈ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال ریکارڈ گندم کی فصل کاشت اور40 من پیداوار متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم خریداری سنٹرز پر سٹوریج کے لئے انتظامات مکمل ہیں۔خریداری مہم میں بھی کسانوں کے ساتھ ہیں،کسانوں اور سروس پرووائیڈرز کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا اور کسی کا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔اجلاس میں کاشتکاروں کے نمائندوں نے ریٹس سے اتفاق کرتے ہوئے بعض تجاویز بھی پیش کیں۔




