ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کیخلاف سخت ایکشن کا فیصلہ

سرگودھا(بیورو چیف)ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری اور ڈی پی او صہیب اشرف کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تاجروں، ٹرانسپورٹرز، کسانوں، چیمبر آف کامرس، صنعتکاروں، ڈیری ایسوسی ایشن، پٹرولیم ایسوسی ایشن سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں شرکائ نے حالیہ بین الاقوامی حالات کے تناظر میں حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نہ صرف خود کفایت شعاری اپنائیں گے بلکہ عوام میں بھی اس کا شعور اجاگر کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ریلیف اقدامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر جاری معاشی دباؤ کے اثرات پاکستان پر بھی پڑے ہیں تاہم حالات میں بہتری کے ساتھ عوام کو مزید ریلیف فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ کاشتکاروں اور موٹرسائیکل سواروں کے لیے اعلان کردہ پالیسیوں پر عملدرآمد کرایا جائے گا جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ وہ بلاجواز کرایوں میں اضافہ نہ کریں۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے بتایا گیا کہ لانگ روٹس پر تقریباً 20 فیصد اور شارٹ روٹس پر 25 فیصد تک کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں