سرمایہ کی بیرون ملک منتقلی روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں،میاں ادریس

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابق صدر اور بزنس لیڈر میاں محمد ادریس نے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال میں ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے فوری فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت بیرون ملک سے پیسہ واپس لانے والوں کو خصوصی پیکیج دے تو پاکستان کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر اور سٹاک ایکسچینج کو فوری طور پر بحران سے نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی ہے کہ اس سلسلے میں خصوصی سکیم متعارف کروا کر بیرون ملک سے سرمایہ لانے والوں کو سہولت دے کر ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکتا ہے جس سے مستقبل میں گورنمنٹ کے ریونیو میں بھی اضافہ ہو گا۔ جو سرمایہ کار پاکستان میں انڈسٹری لگانا چاہتا ہے اس کے لیے مستقل طور پر یہ پالیسی ہونی چاہیے کہ اس سے یہ نہیں پوچھا جائے گا کہ پیسہ کہاں سے آیا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اور دیگر سرمایہ کار بلاخوف وخطر پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکیں۔ مشرق وسطی میں جاری جنگ کے باعث سرمایہ تیزی سے دنیا کے دیگر ممالک میں منتقل ہو رہا ہے۔ اس لئے اگر پاکستان نے اب بھی اس حوالے سے فیصلہ سازی میں تاخیر کی تو پاکستان کی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کا ایک اور موقع ضائع ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں