توانائی بحران میں شدت،گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایران امریکہ جنگ کے باعث فیصل آباد سمیت ملک بھر میں توانائی بحران شدت اختیار کر گیا’ گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ تفصیل کے مطابق ایران امریکہ جنگ کے باعث پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث ایک طرف اندرون شہر اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ مالکان نے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے تو دوسری طرف اشیاء خوردونوش کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ توانائی بحران بھی روز بروز شدت اختیار کرنے لگا۔ فیصل آباد میں توانائی کا بحران بھی بے قابو ہوتا جا رہا ہے۔ محکمہ سوئی نادرن گیس کی جانب سے اعلان کردہ گیس کی فراہمی میں نہ صرف تعطل بلکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور صبح’ دوپہر اور رات کو گیس کی سپلائی دو گھنٹے کی بجائے تقریباً ایک گھنٹہ کر دی گئی ہے۔ جسکی وجہ سے خواتین کو کھانا تیار کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور تندور مالکان نے بھی روٹی کی قیمتیں بڑھا دی ہیں اور ان کا وزن بھی کم کر دیا ہے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے بھی چپ سادھ رکھی ہے۔ رمضان المبارک کے بعد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی شہر بھر میں کارروائیاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ فیسکو کی طرف سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ کر دیا گیا اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کیا جائے اور توانائی کے حالیہ بحران پر قابو پانے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں