فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپور یشن فیصل آباد کی پلاننگ برانچ کو بھی ڈیجیٹلائزڈ کردیا گیا جس کی بدولت مارچ کے مہینہ میں عمارتوں کے نقشہ جات،کمرشلائزیشن اور کنورژن فیسوں کی مد میں ایک کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری ہوئی ہے۔کمشنر/ایڈمنسٹریٹر راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں میونسپل کارپوریشن کے شعبوں کو ڈیجیٹل کرنے کے بارے میں امور کا جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی،چیف آفیسر ملک مرتضی اور میونسپل آفیسرز بھی موجود تھے۔کمشنر نے ریگولیشن کے بعد پلاننگ برانچ کی بھی ڈیجیٹلائزیشن کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کی بدولت شفافیت کے ساتھ کارکردگی کا گراف بھی بلند ہوا ہے جو کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کی عکاسی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمدہ پراگریس کا تسلسل برقرار رکھنے میں کوئی کسر باقی نہیں رہنی چاہیے۔چیف آفیسر نے میونسپل کارپوریشن کے دیگر شعبہ جات کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ باقی ماندہ برانچز کو بھی ڈیجیٹل کرنے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔




