لاہور( بیورو چیف)پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر پنجاب پولیس میں بھی اخراجات کم کرنے کیلئے اہم فیصلے کیے گئے ہیں جس کے تحت افسران کی گاڑیوں کے پٹرول کوٹہ میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔آئی جی آفس میں تعینات ایڈ یشنل آئی جیز کی گاڑیوں کا پٹرول 500سے کم کر کے 150لٹر کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈی آئی جی رینک کے افسران کا کوٹہ 400سے کم کر کے 150لٹر کر دیا گیا۔ اسی طرح اے آئی جی رینک کے افسران کا پٹرول بھی 300لٹر سے کم کر کے 150لٹر کر دیا گیا ہے۔پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز کو سکواڈ کی گاڑیوں کی تعداد کم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔لاہور پولیس میں بھی افسران کے پٹرول میں کٹوتی کی گئی ہے، جہاں ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کا پٹرول 800 سے کم کر کے 600 لٹر، ڈویژنل ایس پیز کا 600 سے 450 لٹر اور ڈی ایس پیز کا 400 سے کم کر کے 300 لٹر کر دیا گیا ہے۔مزید برآں افسران کے ساتھ سکواڈ کی گاڑیوں کا پٹرول بھی 300 سے کم کر کے 150 لٹر کر دیا گیا ہے، تاہم تھانوں کی گاڑیوں کے پٹرول میں کوئی کمی نہیں کی گئی تاکہ فیلڈ آپریشنز متاثر نہ ہوں۔




