”ای بز پورٹل”شہریوں کیلئے آسان ترین سہولت’دفاتر کے چکر ختم

سرگودھا (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے متعارف کرایا گیا ای بزنس پورٹل شہریوں کے لیے سہولت کا سب سے آسان اور مؤثر ذریعہ بن گیا ہے، اب لوگوں کو کسی بھی سرکاری محکمے میں جانے کی ضرورت نہیں رہی اور وہ گھر بیٹھے تمام سروسز حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ای بزنس پورٹل ضلع سرگود ھا میں مکمل طور پر فعال ہے اور تمام محکمے اپنی سروسز سے متعلق درخواستیں اسی پلیٹ فارم پر وصول اور پراسیس کر رہے ہیں۔انہوں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع سرگودھا میں اب تک ای بزنس پورٹل پر 1695 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 1208 پر کارروائی مکمل کی جا چکی ہے جبکہ 1146 درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔ مزید 486 درخواستوں پر مختلف محکموں میں کارروائی جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق مختلف محکمہ جات میں 227 درخواستوں پر کارروائی جاری ہے جبکہ 269 درخواستیں شہریوں کی جانب سے فیس جمع نہ کروانے یا مطلوبہ دستاویزات مکمل نہ ہونے کے باعث زیر التواء ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پٹرول پمپس سے متعلق 10 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 5 منظور ہوچکی ہیں، بلڈنگ کنسٹرکشن کی 913 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 713 پراسیس کی گئیں، 690 منظور کی گئیں اور 107 درخواستوں پر کارروائی جاری ہے۔ لینڈ یوز کنورژن کی 230 درخواستوں میں سے 140 منظور جبکہ باقی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی جاری ہے جو آئندہ پانچ دنوں میں مکمل کر لی جائے گی۔محکمہ جات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ کو 1126، ایف ایس سی پی ڈی کو 115، زراعت کو 172، ہاؤسنگ کو 38، ماحولیات کو 20، لائیوسٹاک کو 95، ٹی اے ایم ڈی کو 12، ایف ڈبلیو ایف کو 46، ضلعی انتظامیہ کو 9 اور محکمہ معدنیات کو 21 درخواستیں ای بز پورٹل پر موصول ہوئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ای بزنس پورٹل کے ذریعے شہریوں کو نہ صرف دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملی ہے بلکہ بدعنوانی کا بھی خاتمہ ممکن ہوا ہے۔ شہری گھر بیٹھے درخواست جمع کروا کر این او سی حاصل کر رہے ہیں اور فیس بھی آن لائن جمع کرا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کی اس جدید سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے کاروبار کو قانونی طریقے سے فروغ دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی افسر یا اہلکار نے اگر درخواست گزار سے براہ راست رابطہ کر کے کوئی غیر قانونی مطالبہ کیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں