ناقص میٹریل سے تیار کردہ نہر کنارے لگے بنچ ٹوٹ گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پی ایچ اے کی جانب سے کینال ایکسپریس وے (نہر کنارے) فیصل آباد بیوٹیفکیشن منصوبہ کے تحت انتہائی ناقص میٹریل سے تیار کئے جانے والے بنچز ٹوٹ گئے’ پارکس اینڈ ہارٹیکلچرل اتھارٹی فیصل آباد کی خوبصورتی کیلئے لاکھوںروپے مالیت سے ”پام” کے درخت سوکھنے کے بعد دوسرا منصوبہ بھی ناکامی کا شکار ہو گیا’ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیوٹیفکیشن پلان کے خلاف کی جانے والی سازش بے نقاب ہو گئی ہے۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی طرف سے فیصل آباد کو خوبصورت بنانے کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز کی منظوری دی اور کمشنر فیصل آباد نے شہر کی بیوٹیفکیشن کے منصوبہ پر عملدرآمد کرتے ہوئے مختلف سرکاری محکموں کے ذریعے شہر فیصل آباد میں مختلف ترقیاتی کام کا آغاز کیا اور ایکسپریس وے’ عبداﷲ پور سے کینال روڈ کے فٹ پاتھ پر ٹف ٹائلز اور درختوں کو خوبصورت برقی قمقموں سے دیدہ زیب بنایا اور سیروتفریح کیلئے آنے والے شہریوں کیلئے فٹ پاتھ بیٹھنے کیلئے خوبصورت بینچز رکھوائے جسکی ذمہ داری پارکس اینڈ ہارٹیکلچرل اتھارٹی کو سونپی گئی تھی تاہم پی ایچ اے کے افسران نے ٹھیکیدار کی مبینہ ملی بھگت سے انتہائی ناقص میٹریل سے تیارکردہ لاکھوں روپے مالیت کے بینچز لگانے اور ایک ماہ کے دوران ہی لاکھوں روپے مالیت کے بینچز ٹوٹ گئے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی ایچ اے کی جانب سے کمشنر ہائوس روڈ پر لاکھوں روپے مالیت کے لگائے جانیوالے ”پام” کے درخت بھی سوکھ گئے۔ اسطرح پی ایچ اے کا شہر کی خوبصورتی کا دوسرا منصوبہ بھی ناکامی کا شکار ہو گیا۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ پی ایچ اے کے افسران مبینہ طور پر ملی بھگت سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیوٹیفکیشن پلان کو ناکام بنانے کی سازش کر رہے ہیں۔ پی ایچ اے کے نااہل’ کرپٹ عملہ کو فوری طور پر فارغ کر کے ان کے خلاف انکوائری کروائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں