کمشنر سرگودھا ڈویژن کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

سرگودھا (بیوروچیف) کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی کی زیر صدارت اہم عوامی و انتظامی امور پر اعلیٰ سطحی اجلاس۔ اجلاس میں سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں اہم عوامی و انتظامی امور کا تفصیلی جائز ہ لیا گیا۔ ایجنڈے میں آئل پرائس امپیکٹ، امن و امان (لاء اینڈ آرڈر)، ٹرانسپورٹ و کرایوں (فیئر) کی صورتحال، پرائس کنٹرول اقدامات، ستھرا پنجاب مہم، اور چاروں اضلاع میں سٹی بیوٹیفکیشن کے جاری منصوبے شامل تھے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کو موثر بنائیں اور حکومتی پالیسیوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں اور گراں فروشی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مزید بہتری کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے پر زور دیا گیا۔ ٹرانسپورٹ کرایوں میں ناجائز اضافہ روکنے، صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور شہروں کی خوبصورتی کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرگودھا ڈویژن میں عوامی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں