عمان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کیلئے بڑی پیشرفت،”ڈیسنٹ ڈئیرز”گروپ کا ہم وطنوں کیلئے اہم سہولیات کا اعلان

مسقط(مانیٹرنگ ڈیسک)عمان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور باہمی اتحاد کی سمت میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ”ڈیسنٹ ڈئیرز” گروپ کے نئے شامل ہونے والے اراکین نے ایک پروقار عشائیے کے دوران ہم وطنوں کے لیے مختلف اہم مراعات اور سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے اس شاندار تقریب کی میزبانی نیسپاک کے ریجنل مینیجر آصف محمود اور ممتاز کاروباری شخصیت ڈاکٹر قمر عزیز رانا نے مشترکہ طور پر کی جس میں کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء میں پاکستانی کمیونٹی کے شیخ، سید فیاض علی شاہ، پاکستان سوشل کلب کے سابق چیئرمین میاں محمد منیر اور پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام سمیت دیگر معززین شامل تھے۔ تقریب کے دوران نئے اراکین نے کمیونٹی کے لیے عملی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے سماجی خدمت کی نئی مثال قائم کی جس کے تحت اوورسیز ٹریول کے سی ای او عثمان غنی نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یہ اعلان کیا کہ میت کی پاکستان منتقلی کے وقت لواحقین میں سے ساتھ جانے والے ایک فرد کو ان کی کمپنی مفت فضائی ٹکٹ فراہم کرے گی تاکہ مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندان کا مالی بوجھ کم ہو سکے اسی طرح سابق مشیر وزیراعلی پنجاب اور سی ای او “گرو ود می کنڈرگارٹن اینڈ نرسری اعجاز مہاروی نے پاکستان سوشل کلب کے اراکین کے لیے اپنی تمام برانچز میں 15 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا جبکہ مائی پرفیوم کے کنٹری مینیجر عاطف علی نے سوشل کلب کے ممبران کے لیے 20 فیصد ڈسکانٹ اور اران کچن کے سی ای او غضنفر علی نے بھی کمیونٹی کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر ڈاکٹر قمر عزیز رانا نے شرکا کو مزید اہم پیش رفتوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان سوشل کلب کے اراکین کے لیے معروف لا فرم AJLO کے ساتھ 15 سے 20 فیصد رعایت کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ اسٹیٹ لائف انشورنس کے ساتھ سستی انشورنس کے لیے بھی بات چیت جاری ہے انہوں نے یہ خوشخبری بھی سنائی کہ ایئر سیال کے چیئرمین فضل گیلانی سے رعایتی ٹکٹس کے حوالے سے رابطہ کیا گیا ہے اور وہ جلد عمان کا دورہ کریں گے ڈاکٹر قمر عزیز نے ان تمام اقدامات کو ڈیسنٹ ڈئیرز گروپ کی جانب سے کمیونٹی کے لیے ایک اجتماعی تحفہ قرار دیا. ڈیسنٹ ڈئیرز گروپ کی طرف سے چوہدری محمد عباس اور ناصر معروف نے نئے شامل ہونے والے اراکین بالخصوص ڈاکٹر قمر عزیز رانا و دیگر ہم خیال احباب کو گروپ میں خوش آمدید کہا تقریب کے اختتام پر پاکستان سوشل کلب کے چیئرمین محمد ندیم عظیمی نے نئے اراکین کے وژن اور ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا جس کے بعد یہ تقریب ایک مثبت اور خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں