دیر پا امن کے قیام کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چلنا ناگزیر ہے

پشاور(بیورو چیف)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضم ضلع باجوڑ کے دورے کے دوران قومی امن جرگہ کے قائدین سے ملاقا ت کی اور بعد ازاں باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہ بڑے امن جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے امن، ترقی، عوامی حقوق اور پالیسی امور پر حکومت کا تفصیلی موقف شرکاء کے سامنے پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے جرگہ میں شریک قبائلی مشران، عمائدین، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور کثیر تعداد میں شریک نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے قبائلی مشران کی جدوجہد قابل تحسین ہے۔ جس دانشمندی سے حالات کو سنبھالا گیا وہ واقعی قابل قدر ہے۔ انہو ں نے کہا کہ امن سب سے پہلے اور انتہائی ضروری ہے کیونکہ اس کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔ صوبائی حکومت دیرپا امن کے قیام کے لیے کوشاں ہے اور اس مقصد کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا ناگزیر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کے فلور پر تمام سیاسی جماعتوں اور مکاتب فکر کے رہنماوں نے متفقہ اعلامیہ پیش کیا جس میں واضح کیا گیا کہ آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنگ میں ہمارا کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ ہمارے انفراسٹرکچر، ادارے اور نوجوان تباہ ہوئے۔ پختون عوام نے ماضی میں آپریشنز، ڈرون حملوں اور بمباری کے نتیجے میں بے پناہ قربانیاں دیں، ہزاروں جنازے اٹھائے گئے اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے مگر اس کے باوجود پائیدار امن قائم نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسی مزید کسی صورتحال کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں