لاہور (بیوروچیف) کفایت شعاری مہم کے تحت اساتذہ کی مالی مراعات میں کمی کا فیصلہ سامنے آ گیا ہے، جس کے باعث صوبہ بھر میں ہزاروں اساتذہ متاثر ہوں گے۔پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ اساتذہ کو صرف ان دنوں کا کنوئنس الائونس دیا جائے گا جب وہ اسکول میں حاضر ہوں گے۔ یعنی جس دن حاضری نہیں ہوگی، اس دن کا الائونس بھی نہیں دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق صوبہ بھر کے 3 لاکھ سے زائد اساتذہ پر ہوگا۔مزیدبرآں، گزشتہ روز دی جانے والی چھٹی کے باعث بھی اس دن کا کنوئنس الائونس ادا نہیں کیا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اخراجات میں کمی کے لیے اٹھایا گیا ہے، جبکہ گزشتہ تین ہفتوں کا کنوئنس الائونس بھی روک دیا گیا ہے، جس پر اساتذہ میں تشویش پائی جا رہی ہے۔




