فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) متحرک کردار کے باعث اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور کے تبادلے پر فیصل آباد ڈویژن کے تمام مکاتب فکر کے لوگ نالاں’ تبادلہ فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق راجہ جہانگیر انور نے 31اگست 2025ء کو ڈویژنل کمشنر فیصل آباد کا چارج سنبھالنے کے فوری بعد جس برق رفتاری سے کام کیا وہ تاریخ میں ایک سنہرے باب کا حصہ بن چکا ہے، انہوں نے جو کام کئے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی مگر ان کی تعیناتی کو ابھی 7ماہ اور 7دن ہی ہوئے تھے کہ حکومت پنجاب نے ان کا تبادلہ کر کے انہیں سیکرٹری محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) تعینات کر دیا۔ بلاشبہ یہ عہدہ ڈویژنل کمشنر سے بڑا ہے مگر ان کی بطور کمشنر فیصل آباد ڈویژن کو ضرورت ہے ان کی بطور ڈویژنل کمشنر فیصل آباد تعیناتی کے دوران کمشنر آفس کا کردار بہترین رہا، وہ کسی بھی شکایت اور مسئلے کو فوری حل کرتے تھے، کمشنر آفس میں شہریوں کے مسائل سن کر انہیں حل کرنا ان کا معمول تھا، ان کے دور تعیناتی کے دوران فیصل آباد سمیت ڈویژن کے چاروں اضلاع میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے، وہ ڈویژن کے چاروں اضلاع چنیوٹ’ فیصل آباد’ جھنگ’ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی کوئی جگہ ایسی نہیں چاہے دور دراز کے پسماندہ دیہات ہوں یا شہر وہاں نہ پہنچے ہوں اور عوامی مسائل حل نہ کرائے ہوں، میڈیا اور عوام کی جانب سے کسی بھی مسئلے کی نشاندہی پر فوری نوٹس لیتے اور اس کی تہہ تک جا کر اس مسئلے کو فوری حل کراتے، وہ فیصل آباد میں پنجاب حکومت کے بہترین اور متحرک نمائندے تھے، ان کی بہترین کارکردگی اور کاموں سے پنجاب حکومت کا مثبت امیج سامنے آیا، ماضی میں کمشنر صرف آفس تک محدود رہتے تھے مگر راجہ جہانگیر انور نے اس روایت کو توڑا اور بطور کمشنر انتہائی متحرک کردار ادا کیا، ان کے اچانک تبادلے پر فیصل آباد کے تمام مکتبہ فکر کے لوگ نالاں ہیں، شہری وسماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ راجہ جہانگیر انور کا فوری طور پر تبادلہ منسوخ کر کے دوبارہ ڈویژنل کمشنر تعینات کیا جائے۔




