چیئرمین سینیٹ سے وفاقی محتسب نوید کامران کی ملاقات

اسلام آباد(بیورو چیف) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات منصب سنبھالنے کے بعد ایک خیرسگالی دورے کے طور پر ہوئی، جس میں وفاقی محتسب نے ادارے کی کارکردگی، عوامی شکایات کے ازالے کے نظام اور انتظامی انصاف کی فراہمی کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ کو تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران وفاقی محتسب نے بتایا کہ ادارے نے 2025 کے دوران بدانتظامی سے متعلق دو لاکھ باسٹھ ہزار سے زائد شکایات نمٹائیں، جن میں تقریباً 97 فیصد فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب اپنے ملک گیر علاقائی نیٹ ورک کے ذریعے شہریوں کو ان کی دہلیز پر فوری، سستا اور مؤثر انتظامی انصاف فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے آگاہ کیا کہ شکایات کے اندراج اور ان کے بروقت ازالے کیلئے ایک جدید آن لائن پورٹل متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت ہر شکایت کو 60 دن کے اندر حل کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔ متوسط طبقے کو درپیش مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ دور دراز علاقوں میں کھلی کچہریوں اور سماعتوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔نوید کامران بلوچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ ادارے کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے شفاف، مؤثر اور فعال نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ حکومتی بدانتظامی سے پیدا ہونے والے مسائل کا بروقت حل ممکن ہو سکے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وفاقی محتسب کے ادارے کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نوید کامران بلوچ کی متحرک قیادت میں یہ ادارہ مزید مؤثر انداز میں خدمات انجام دیتا رہے گا اور عوام کو بہتر ریلیف فراہم کرے گا۔ انہوں نے وفاقی محتسب کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو بہتر طرز حکمرانی، شفافیت اور عوامی خدمت کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔چیئرمین سینیٹ نے نوید کامران بلوچ کو ان کی نئی ذمہ داریوں پر نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر وفاقی محتسب نے چیئرمین سینیٹ کی سیاسی و سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گیلانی خاندان نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور عوامی فلاح کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں