ٹیچنگ ہسپتال میں لفٹیں خراب رہنا معمول ،مریضوں اور لواحقین کو مشکلات

ساہیوال(بیورو چیف)ٹیچنگ اسپتال میں انتظامیہ کی مسلسل غفلت اور لاپرواہی کے باعث انتہائی نگہداشت وارڈ، نفرالوجی وارڈ، کارڈیک وارڈ اور چلڈرن وارڈ میں نصب لفٹیں آئے روز خراب رہنا معمول بن گئی ہیں، جس سے مریضو ں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق لفٹیں خراب ہونے کی صورت میں سیریس نوعیت کے مریضوں کو اوپری منزلوں پر واقع وارڈز میں منتقل کرنا انتہائی دشوار ہو جاتا ہے۔ مریضوں کے ورثا کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ انہیں مریضوں کو سیڑھیوں کے ذریعے اوپر لے جانا پڑتا ہے، جو نہ صرف مشکل بلکہ بعض اوقات مریضوں کی جان کے لیے بھی خطرناک ثابت ہوتا ہے۔شہری حلقوں نے اسپتال انتظامیہ کی اس مسلسل غفلت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیچنگ اسپتال میں آئے روز کسی نہ کسی نوعیت کے مسائل سامنے آتے رہتے ہیں، مگر انتظامیہ کی جانب سے مستقل اور مثر اقدامات دیکھنے میں نہیں آ رہے۔مریضوں کے لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ اسپتال کی لفٹوں کی فور ی مرمت اور مستقل دیکھ بھال کا نظام بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں