مبینہ پولیس مقابلہ،کانسٹیبل کو زخمی کرنیوالا ڈاکو اپنے انجام کو پہنچ گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر جڑانوالہ کے علاقہ اواگت کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں 2روز قبل کانسٹیبل کو زخمی کرنے والا ڈاکو اپنے انجام کو پہنچ گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر جڑانوالہ انسپکٹر اعجاز احمد اپنی ٹیم کے ہمراہ اڈا اواگت کے قریب ناکہ پر مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے 122 گ ب سیم پل کی طرف بھاگے اور جھاڑیوں میں چھپ کر پولیس پارٹی پر فائرنگ جاری رکھی۔ تاہم پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا، ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے، زخمی کی شناخت عرفان ولد جاوید سکنہ عیدگاہ گلی نمبر1 معلوم ہوا جو کہ ریکارڈیافتہ اور پولیس کو 44 وارداتوں میں مطلوب تھا۔ جس کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں