فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جڑانوالہ روڈ پر پرانا سوشل سکیورٹی ہسپتال چوک میں قبضہ گروپ سے واگزار کرائی جانے والی دکانوں کے گرنے کا خدشہ’ کسی بھی وقت کوئی سانحہ رونما ہو سکتا ہے۔ تفصیل کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور پیرافورس نے پرانا سوشل سکیورٹی ہسپتال چوک’ ٹوٹل پمپ کے سامنے قبضہ گروپ سے کروڑوں روپے مالیت کی دکانوں کو واگزار کرواتے ہوئے کچھ حصہ مسمار کر دیا جبکہ دکانوں کی دیواریں اور چھتیں جوں کی توں ہیں جو کہ کسی بھی وقت زمین بوس ہو سکتی ہیں۔ جڑانوالہ مین روڈ پر دکانوں کی چھتیں گرنے سے کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہو سکتا ہے جبکہ کئی ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود ضلعی انتظامیہ’ پیرافورس اور مالکان کی جانب سے چپ سادھ رکھی ہے۔ تیز آندھی اور بارشوں کی وجہ سے دکانوں کی دیواروں کی حالت ناگفتہ بہہ ہو چکی ہے اور اگر وہ اچانک گر گئیں تو کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے کا احتمال ہے۔ اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ دکانوں کی دیواروں کو گرا کر اس کا ملبہ فوری طور پر اٹھایا جائے تاکہ کسی بھی قسم کے سانحہ سے محفوظ رہا جا سکے۔




