امام مسجد کی ملکیتی پراپرٹی پر غاصبانہ قبضہ،پریس کانفرنس میں اعلیٰ حکام سے قبضہ ختم کرانے کی اپیل

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) امام مسجد کی ملکیتی پراپرٹی پر غاصبانہ قبضہ، ورثاء کی انصاف کی اپیل فیصل آباد پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کے دوران امام مسجد نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے مورث اعلی، قاری محمد یوسف اور نعمت علی، کی ملکیتی پراپرٹی پر غیر قانونی قبضہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرائونڈ فلور اور فسٹ فلور کی کچھ دوکانات فروخت کی گئی تھیں جبکہ باقی رقبہ مسجد عمر اہلسنت و الجماعت حنفی، مین بازار محمد پورہ، فیصل آباد کے لیے وقف کر دیا گیا تھا۔امام مسجد نے بتایا کہ مورث اعلی کی وفات کے بعد وہ اور دیگر ورثا قانونی طور پر پراپرٹی کے مالکان اور قابض بن گئے اور مسجد میں بطور امام فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ تاہم، محمد نواز نامی شخص، جو پہلے ماہانہ تنخواہ پر موذن تھا، نے ایک سال قبل مسجد پر غیر قانونی قبضہ جما لیا اور متعدد بار معززین کے ذریعے روکنے کے باوجود قبضہ برقرار رکھا۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور اعلی افسران سے درخواستیں دینے کے باوجود انہیں انصاف فراہم نہیں کیا گیا اور وراثتی ملکیت پر قبضہ واگزار نہیں کروایا گیا۔ امام مسجد نے زور دیا کہ تمام قانونی دستاویزات، ریکارڈ اور تنخواہ کے کھاتہ جات ان کے پاس موجود ہیں جو ثابت کرتے ہیں کہ وہ پراپرٹی کے حقیقی مالکان ہیں، لیکن اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔انہوں نے پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا کہ محمد نواز سے غاصبانہ قبضہ فوری طور پر ختم کیا جائے اور وراثتی ملکیت قانونی طور پر واپس دلائی جائے، تاکہ مذہبی ادارے کے امور پر کوئی فرق نہ پڑے اور حقیقی مالکان کے حقوق کا تحفظ ممکن ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں