فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے نڑ والا روڈ پر ایک غیر قانونی ہائوسنگ سکیم کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار دفتر کو سیل اور وہاں سے دفتری سامان کو قبضے میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن کی زیر نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ فاران صدیقی کے زیر نگرانی انسپکٹرز اسلم انصاری، کلیم اللہ و دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں قائم کی جانے والی ہائوسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کو چیک کیا تو نڑ والا روڈ پر چکر نمبر 59ج ب کی اراضی پر خلاف قانون گرینڈ سٹی کے نام سے ہائوسنگ سکیم قائم کی جا رہی تھی جس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وہاں تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کر دیا گیا ہے اور دفتر کو سیل کر کے سامان قبضہ میں لے لیا۔ ڈیویلپر سے کہا گیا ہے کہ وہ ہائوسنگ سکیم قائم کرنے کے لیے تمام تر محکمانہ اور قانونی تقاضے پورے کریں بصورتِ دیگر مزید خلاف ورزیوں پر قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمہ بھی درج کرایا جا سکتا ہے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کو مطلع کیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی ہائوسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل اس کی قانونی حیثیت ضرور چیک کر لیں اس سلسلے میں ایف ڈی اے کے شعبہ ٹائون پلاننگ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔




