بچوں کی ابتدائی تعلیم و تربیت قومی ترقی کی اساس ہے،وفاقی وزیر خالد مقبول

اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی وزیر برائے تعلیم و تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ بچوں کی ابتدائی تعلیم و تربیت قومی ترقی کی اساس ہے، ابتدائی عمر میں معیاری تعلیم اور مثبت تربیت بچوں کی شخصیت سازی، ذہنی نشوونما اور مستقبل کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے،اس شعبے میں کی جانے والی سرمایہ کاری در حقیقت ایک مضبوط اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے جس کے مثبت اثرات طویل مدت تک نمایاں رہتے ہیں۔وہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میںارلی چائلڈ ہڈ ڈویلپمنٹ کے موضوع پر منعقدہ پانچویں بین الاقوامی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ بچوں کی ابتدائی تعلیم ان کی زندگی کی بنیاد ہوتی ہے اور اس بنیاد کو جتنا مضبوط اور معیاری بنایا جائے گا، بچے اتنے ہی اعتماد کے ساتھ اگلے تعلیمی مراحل میں کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی دس سال بچوں کی ذہنی، سماجی اور جذباتی نشوونما کے لیے نہایت اہم ہوتے ہیں، اس لیے اس عرصے میں معیاری تعلیم اور مثبت تربیت فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔وفاقی وزیر اور ایچ ای سی کے چئیرمین نے اس اہم موضوع پر منتظمین بالخصوص علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کو مبارکباد پیش کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں