تاندلیانوالہ (نامہ نگار) تاندلیانوالہ کے علا قہ گڑھ فتح شاہ میں بجلی کے خستہ حال پول حادثے کا سبب بننے لگا، شہری خوف میں مبتلا,تفصیلات کے مطابق گڑھ فتح شاہ نزد مشتاق چوک کے قریب بجلی کا پول خطرناک حد تک جھک چکا ہے جبکہ ہائی وولٹیج تاریں انتہائی غیر محفوظ انداز میں گزر رہی ہیں، جس سے کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق واپڈا حکام کی مسلسل لاپرواہی کے باعث یہ پول گرنے کے قریب پہنچ چکا ہے اور تاریں زمین کے قریب لٹک رہی ہیں، جو راہگیروں، موٹر سائیکل سواروں اور قریبی آبادی کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہیں۔اہل علاقہ نے بتایا کہ چند روز قبل تاندلیانوالہ میں بجلی کی تار گرنے سے ایک خاتون موقع پر جاں بحق ہو گئی تھیں، مگر اس افسوسناک واقعے کے باوجود متعلقہ اداروں نے حفاظتی اقدامات نہیں کیے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو خدانخواستہ کوئی بڑا جانی نقصان ہو سکتا ہے۔ علاقہ مکینوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے فوری طور پر بجلی کے پول کو تبدیل اور تاروں کی مرمت کی جائے۔عوامی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ کسی حادثے کی صورت میں تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔




