سرگودھا (بیوروچیف) پنجاب حکومت کی جانب سے نافذ کردہ نئی توانائی بچت پالیسی کے تحت بازاروں اور مارکیٹوں کو رات 8 بجے بند کرنے کے احکامات پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ۔ پہلے ہی روز خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ضلعی انتظامیہ سرگودھا نے مسلم بازار، سٹی روڈ، شربت چوک اور فیصل بازار میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 12 دکانیں سیل کر دیں جبکہ خلاف ورزی پر 40 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری نے واضح کیا کہ حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بچت پالیسی کا مقصد قومی وسائل کا تحفظ اور بجلی کے استعمال میں کمی لانا ہے۔دریں اثنائ۔ کمالیہ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ کی زیر نگرانی اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی اور چیف آفیسر علی رضا کی قیادت میں کمالیہ بھر میں کفایت شعاری مہم کے تحت بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔انتظامیہ نے مختلف بازاروں، دکانوں اور شاپنگ مراکز کا دورہ کرتے ہوئے حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا اور تمام کاروباری مراکز کو مقررہ وقت کے مطابق رات 8 بجے بند کروا دیا۔ یہ اقدامات حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ کفایت شعاری پالیسی کے تحت کیے گئے ۔اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے تاجروں کو ہدایت کی کہ وہ حکومتی اوقات کار کی سختی سے پابندی کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔




