فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) کے ممبران کی جانب سے فیصل آباد میں میٹروبس کا منصوبہ غیر ضروری قرار دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا اظہار ناراضگی’ منصوبہ جاری رکھنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈی سی کمپلیکس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ایم این اے شہباز بابر کی زیرصدارت ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ کوآڈینیشن کمیٹی کے بعض ممبران اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ اس موقع پر ڈی سی سی کے ممبران نے فیصل آباد میں میٹروبس کے 80ارب کے منصوبے کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو فوری طور پر ختم کر کے فنڈز سابق اور موجودہ ممبران اسمبلی کے ذریعے دیگر ترقیاتی کاموں پر خرچ کئے جائیں۔ اس منصوبے سے شہر کھنڈر بن جائیگا اور تاجروں کے کاروبار تباہ ہو جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ڈی سی سی کے ممبران کی اس تجویز پر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے پر کام شروع ہو چکا ہے۔ یہ تجویز کسی صورت قابل قبول نہیں۔ فیصل آباد میں میٹروبس کا منصوبہ ہر صورت مکمل کیا جائیگا۔ میں خود اس کا افتتاح بھی کروں گی۔ اس منصوبے سے عوام کو جدید سفری سہولیات فراہم ہوں گی اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔




