ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ نے پیٹرول پمپس اور ایل پی جی ایجنسیوں کی چیکنگ اور حفاظتی اقدامات کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی ہدایت پر مختلف مقامات پر پیٹرول پمپس کا تفصیلی معائنہ کیا جا رہا ہے تاکہ اسٹاک، حفاظتی انتظامات اور فائر سیفٹی کے اصولوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس محمود حسین گل کی زیر قیادت ٹیموں نے کارروائیوں کے دوران غیر قانونی گیس فلنگ کے خلاف سخت اقدامات کیے اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے پمپس کو وارننگز جاری کیں۔ دورانِ چیکنگ بعض مقامات پر خلاف ورزی ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 4000 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔چیکنگ کے دوران فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی رسپانس سسٹم اور مجموعی حفاظتی انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ تمام حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔




