گوجرہ(نامہ نگار)ریلوے روڈ پر گیس سلنڈر دھماکہ میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ معلوم ہوا ہے کہ حبیب پارک گوجرہ کے علی اکبر مغل نے ریلوے روڈ پر شہر موڑ کے نزدیک آکسیجن گیس سلنڈروں کی دوکان بنا رکھی۔ وہ اور اس کا بیٹا حسین رضا دوکان پر موجود تھے کہ مبینہ گیس ریفلنگ کے دوران ایک گیس سلنڈر خوفناک دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں علی اکبر اور اس کا بیٹا حسین رضا شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ کے ارکان بذریعہ گاڑی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے باپ بیٹے کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیا ہے جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ سٹی پولیس گوجرہ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ پولیس مصروف کارروائی ہے۔




