فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر )انجمن تاجران منٹگمری بازار کے صدر اور سپریم انجمن تاجران سٹی کے وائس چیئرمین حافظ طاہر جمیل میاں نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں 135روپے فی لٹر اور پٹرول کی قیمت میں 12روپے فی لٹر کمی کا فیصلہ انتہائی مثبت اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کے بعد یہ فیصلہ عوام اور کاروباری طبقے کے لئے ریلیف کا باعث بنے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی اس نمایاں کمی ، جو بعض معاملات میں تقریبا 40 فیصد تک بنتی ہے کا فائدہ لازمی طور پر عام صارفین تک منتقل کیا جانا چاہیے تا کہ مہنگائی کے دبا میں حقیقی کمی آسکے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حالیہ اضافے کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے اور اضافہ واپس لیا جائے تا کہ گھر یلو صارفین کے اخراجات میں کمی ہو اور عام آدمی کو مزید ریلیف مل سکے۔ مزید برآں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مارکیٹوں کی بندش کے اوقات میں اضافہ کیا جائے تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے اور تاجروں کو بہتر انداز میں کاروبار کرنے کا موقع فراہم کیا جاسکے۔




