کمالیہ(نامہ نگار)انجمن گڈز ٹرانسپورٹ یونین کمالیہ کے رہنما رانا راشد خاں نے اپنے ایک بیان میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک چالان کی 2000روپے کی بھاری رقم کو فوری طور پر کم کیا جائے تاکہ غریب طبقہ مزید مشکلات سے بچ سکے ۔موجودہ مہنگائی کے دور میں دیہاڑی دار اور محنت کش طبقہ پہلے ہی شدید مالی دبا کا شکار ہے ۔ ایسے میں2000 روپے کے چالان ان کے لیے کسی بڑے بوجھ سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد دن رات محنت کر کے اپنے خاندان کا پیٹ پال رہے ہیں، لیکن بھاری جرمانے ان کی مشکلا ت میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اکثر ڈرائیور حضرات معمولی خلاف ورزیوں پر بھی بھاری چالان کا سامنا کرتے ہیں، جس سے ان کی روزی روٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے جرمانوں میں کمی کرے اور غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرے ۔رانا راشد خاں نے خبردار کیا کہ اگر چالان کی شرح میں کمی نہ کی گئی تو ٹرانسپورٹرز کو شدید احتجاج پر مجبور ہونا پڑ سکتا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے اس مسئلے کا حل نکالا جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے ۔




