چنیوٹ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے گزشتہ روز جنرل بس اسٹینڈ اور مریم نواز ہسپتال چک 14تحصیل چنیوٹ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ جنرل بس اسٹینڈ کے دورے کے دوران انہوں نے بیوٹیفکیشن، بہتری و بحالی کے جاری کاموں کا معائنہ کیا اور مسافروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایم او آئی محمد نعمان کو ہدایا ت جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مسافر خانے میں ٹائلز ورک کی تکمیل، نئے پنکھوں کی تنصیب، ٹھنڈے اور صاف پانی کے لیے الیکٹرک کولرز کی فراہمی، صاف ستھرے اور فعال واش رومز، عملہ صفائی کی تعیناتی، گرین بیلٹ کی بحالی، پودے اور گھاس لگانے، ٹف ٹائلز کی تنصیب اور بس اسٹینڈ کے احاطہ میں گرین ایریا کی مزید بہتری کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہر قسم کی تجاوزات کے خاتمے اور غیر متعلقہ گاڑیوں کو باہر نکالنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بس اسٹینڈ کے عقب میں موجود ڈمپنگ پوائنٹ کو تبدیل کرکے خوبصورت گرین بیلٹ بنا دیا گیا ہے اور مسافروں کے لیے تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا کر اسے مثالی جنرل بس اسٹینڈ بنایا جائے گا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے مریم نواز ہسپتال چک 14 کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر، ڈپٹی ڈی او ڈاکٹر نعیمہ اشرف اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور علاج معالجہ کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں موجود تمام مشینری کو فعال حالت میں رکھنے اور مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحت عامہ کی سہولیات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے بیک سائیڈ ایریا کی مکمل صفائی کروانے اور اسے گرین ایریا میں تبدیل کرنے کے لیے بھی سی او ہیلتھ اور انچارج ہسپتال کو احکامات جاری کیے۔




