فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ شہریوں کو پارکوں میں معیاری تفریحی ماحول اور سہولیات کی فراہمی کے لئے سرگرم عمل ہے۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیرصدارت ہارٹیکلچر ایجنسی کا بریفنگ اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر نے 50 فیصد سے زائد سہولیات سے آراستہ شہر کے 126 پارکوں کی سو فیصد بحالی کا پلان طلب کرلیا۔انہوں نے کہا کہ پارکوں کو مکمل سہولیات سے آراستہ کرنے کے لئے نجی شعبہ کی خدمات بھی حاصل کی جائیں جبکہ پارک اپنائیں پروگرام پر بھی تیزی سے عملدرآمد کرائیں۔انہوں نے شہر کی گرین بیلٹس کو جاذب نظر بنانے کے لئے مزید اقدامات کی ہدایت کی۔کمشنر نے باغ جناح میں بچوں کے لئے مختص ایریا کو مزید خوبصورت بنانے کا ٹاسک تفویض دیا اور شاہرات پر بڑے درختوں کی ایک ہی شکل کے مطابق کانٹ چھانٹ (ٹریمنگ) کے لئے جدید مشینیں خریدنے کی تاکید کی۔ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی دلاور خان نے جملہ اقدامات پر بریفنگ دی۔




